کاسرگوڈ 24/اگست (ایس او نیوز) حال ہی میں منجیشور میں آور لیڈی آف مرسی چرچ پر جو حملہ ہوا تھا اس کے خلاف عیسائی تنظیموں کی جانب سے کیتھولک سبھا کاسرگوڈ زون کے پرچم تلے25اگست کو ایک زبردست احتجاجی ریالی منعقد کی جارہی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق چرچ پر حملے اور عیسائیوں پر ستم ڈھانے کے واقعات کے خلاف منجیشور بلاک پنچایت آفس کے پاس سے 3بجے ریالی نکلے گی، جو مین روڈ پر منجیشور چرچ کے سامنے سے ہوتے ہوئے ہوسانگڈی جنکشن تک جائے گی۔ اس مقام پر ریالی جلسے میں تبدیل ہوگی اور عیسائی پادریوں اور مذہبی لیڈروں کا خطاب عام ہوگا۔
معلوم ہو اہے کہ اس مسئلے پر غور و خوض کرنے کے لئے جمعہ کے دن منجیشور چرچ کے احاطے میں ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔جس میں کاسرگوڈ زون کے بڑے بڑے عیسائی پادریوں نے حصہ لیا تھا اور احتجاجی مظاہرہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔